ریاض حسین پیرزادہ نے ڈی جی سپورٹس اختر نواز گنجیرا کو عہدے سے ہٹائے جانے پروزارت سے استعفیٰ دیدیا
وفاقی وزیربرائے بین الصوبائی رابطہ کمیٹی سید ریاض حسین پیرزاد کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ پاکستان سپورٹس بورڈ پر نظریں لگائے بیٹھے ہیں۔ خدشات پر بات کرنے کے لئے وزیراعظم سے ملاقات کا وقت نہیں دیا گیا۔ اس لئے استعفی وزیراعظم کو بھجوا دیا ہے۔ فی الحال وزیراعظم کے خلاف کچھ نہیں کہنا چاہتا۔ ریاض پیرزادہ نے وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد پر تنقید کی اور ان کیخلاف تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ انکا کہنا تھا کہ نیب فواد حسن فواد کیخلاف کیوں خاموش ہے؟کرپٹ لوگ غریبوں کو کیسے کرپٹ کہہ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ کی بیٹی سیف گیمز میں شرکت کیلئے بھارت گئی تو کھلاڑیوں کے تحفظ کیلئے اختر نواز گنجیرا کو بھارت بھجوایا۔ کرپشن کرنیوالوں نے ڈی جی سپورٹس پر کرپشن کا الزام لگا کرفارغ کردیا۔ انہوں نے مزید کہا باکسر وسیم کے مسئلے پر ہمیں چور سمجھا گیا۔ اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث لوگوں کو شرم آنی چاہیے۔