ایک خطہ ایک شاہراہ اقدام کے تحت اس ہفتے چونسٹھ ارب ڈالرمالیت کے منصوبوں پردستخط ہونگے،چینی صدر

چین کے صدر شی جن پنگ نے آج بیجنگ میںایک خطہ ایک شاہراہ منصوبے سے متعلق گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دنیا کودرپیش اقتصادی مسائل سے نمٹنے کے لئے بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں اصلاحات اورصنعتی ترقی کاعمل تیز کرنے کی ضرورت پرزوردیاہے۔ چین کے صدرنے تجارت کے فروغ اورعوام کے معیارزندگی میں بہتری کے لئے سرحدیں کھولنے کی اہمیت واضح کی۔ انہوں نے کہاکہ ایک خطہ ایک شاہراہ منصوبہ پورے خطے کی اقتصادی ترقی کے لئے نہایت اہم فورم ہے۔ چین کے صدر نے ماحولیاتی تبدیلی کے مسائل کے حل کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر بھی زوردیا۔ صدر شی نے کہا کہ ایک خطہ ایک شاہراہ کے تحت تعاون کے تمام منصوبوں میں منڈی کے اصول لاگو ہوں گے جو قدیم شاہراہ ریشم کو پھر سے بحال کرے گا جو چین کو ایشیاء اور یورپ سے ملائے گا اور جدید ترقی کا ضامن ہوگا۔ چین کے صدر نے اپنے اختتامی کلمات میں کہا کہ اس تعاون سے مستقبل کے امکانات روشن ہوں گے اور معیار بہتر ہوگا۔ صدر شی جن پنگ نے اس ہفتے ایک خطہ ایک شاہراہ اقدام میں چونسٹھ ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخطوں کا خیر مقدم کیا۔ ایک خطہ ایک شاہراہ اقدام کے تحت منصوبوں کی تخمینہ شدہ مالیت36 کھرب ستر ارب ڈالر ہے جس میں ایشیائ' یورپ' افریقہ' اوشیانہ اور جنوبی امریکہ کے ملک شامل ہیں۔