سید علی گیلانی کی کل ضلع کلگام میں نام نہاد انتخابات کا بائیکاٹ کرنے اور ہڑتال کی اپیل

مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کل ضلع کلگام میں نام نہاد انتخابات کا بائیکاٹ کرنے اور ہڑتال کی اپیل کی ہے۔ سرینگر میں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بائیکاٹ سے بھارتی قیادت مایوسی کا شکار ہے جس کا اندازہ وزیراعظم نریندر مودی کے خطاب سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم کی جانب سے کشمیر مخالف بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور اس کی حیثیت کو جھوٹے ،اشتعال انگیز اور متکبرانہ بیانات سے تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے نریندر مودی کی جانب سے کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دینے کے بیان کو ظالمانہ مذاق قرار دیا۔