برازیل میں کیٹ واک کے دوران ماڈل ریمپ پر گر کر ہلاک
برازیل میں ’ساؤ پاؤلو فیشن ویک‘ کے دوران 26 سالہ ماڈل ٹیلس سوآریز ریمپ پر گر کر ہلاک۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل میں ہونے والے فیشن ویک کے آخری روز مشہور ڈیزائنر کاوالیرا کے ملبوسات کی نمائش ’اوکسا شو‘ کے دوران ریمپ پر اعتماد سے کیٹ واک کرتے ہوئے 26 سالہ ماڈل اچانک گر کر بے ہوش ہوگئے۔
برازیل سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ ماڈل ٹیلس سوآریز کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں اُن کی موت تصدیق کردی گئی، کیٹ واک کے منتظم نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ماڈل کی موت تصدیق کی ہے تاہم ماڈل کی موت کی وجہ نہیں بتائی گئی۔
اوسکا شو کے منتظمین نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں ماڈل کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ماڈل نے ایم جی ٹی ماڈلنگ ایجنسی کے توسط سے فیشن ویک کے لیے معاہدہ کیا تھا۔ تاحال ماڈل کی ہلاکت پر قانونی چارہ جوئی نہیں کی گئی ہے۔