پنجاب حکومت جان بوجھ کر ٹیسٹوں کی تعداد نہیں بڑھارہی ـ عظمی بخاری
مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت جان بوجھ کر ٹیسٹوں کی تعداد نہیں بڑھارہی ۔طبی ماہرین چیخ چیخ کر کہہ رہے ہیں حکومت ٹیسٹنگ کی تعداد بڑھائے۔ یاسمین راشد صاحبہ اپوزیشن کے مطالبے پر عمل نہیں کرنا تو طبی ماہرین کی تجویز پر عمل کرلیں ۔ انہوں نے کہا کہ بل گیٹس نے بھی پاکستان میں کورونا کے ٹیسٹ کم ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔پنجاب حکومت آج شہباز شریف کی بنائی فرانزک لیب سے فائدہ اٹھارہی ہے۔پنجاب حکومت کورونا کے تمام ٹیسٹ فرانزک لیب سے کررہی ہے۔یاسمین راشد کے بقول روزانہ چار سے پانچ ہزار ٹیسٹ کررہے ہیں ۔ پنجاب 12کروڑ آبادی کا سب سے بڑا صوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسد عمر کے بقول ہم روزانہ 50ہزار ٹیسٹ کرینگے۔کورونا کے ٹیسٹ نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کی اصل تعداد سامنے نہیں آرہی۔شہری حکومت کے لاک ڈا?ن کے اعلانات کی دھجیاں اڑارہے ہیں۔حکومتی اعلانات کو کوئی شہری سنجیدہ لینے کو تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آرہی۔یاسمین راشد صاحبہ زبانی جمع خرچ سے آپ کورونا پر قابو نہیں پاسکتے۔