جنگلات کے رقبہ میں اضافہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں موسمیاتی مسائل کا خاتمہ اور جنگلات میں اضافہ کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔انہوں نے یہ بات منگل کے روز اسلام آباد میں گرین Stimulus پیکج کی منظوری کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہی جو ملک میں جنگلات میں اضافے اور خصوصاً کورونا وائرس کے تناظر میں نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے حکومت کی کوششوں کا حصہ ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ گرین اسٹیمولس پیکج خصوصاً سرسبز نگہبان اقدام سے نوجوانوں بلکہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے 65 ہزار لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے علاوہ صاف اور سرسبز پاکستان کے مقاصد کے فروغ میں بھی مدد دے گا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومتوں اور عالمی اداروں سمیت تمام متعلقہ فریقوں کو پروگرام کو وسعت دینی چاہئے اور روزگار کے اضافی مواقع پیدا کرنے چاہئیں۔وزیراعظم موسمیاتی تبدیلی کی وزارت کو ہدایت کی کہ وہ Debt For Nature Swap پروگرام کے تحت عالمی برادری کے تعاون کے حصول کیلئے ایک لائحہ عمل تیار کریں۔عمران خان نے کہا کہ پروگرام کی کامیابی کے لئے شفافیت اور کمیونٹی کی شرکت یقینی بنائی جائے جو ہماری آئندہ نسلوں کیلئے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ملک بھر میں نیشنل پارکس کے قیام کیلئے صوبوں کے تعاون سے شعبوں کی حدبندی کی جانی چاہئے جو سرسبز اور صاف پاکستان کے فروغ کی جانب ایک قدم ہو گا۔دس ارب درخت لگانے کے سونامی منصوبے کے حصے کی حیثیت سے اس پیکج کا مقصد ملک میں شجرکاری کو فروغ دینا، نرسریز کا قیام، شہد، پھلو ںاور زیتون کی شجرکاری کو فروغ دینا ہے۔