وزیر خزانہ کے فیصلوں کی بھرپور اور غیر مشروط حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان اکانومی واچ
پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ ملکی کی اقتصادی صورتحال بہتر کرنے، مہنگائی کم کرنے اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے وزیر خزانہ شوکت ترین کے حالیہ فیصلوں کی بھرپور اور غیر مشروط حمایت کرتے ہیں۔وزیر خزانہ مشکلات کے باوجود آنے والے بجٹ میں مہنگائی اور وباءسے پریشان عوام کو ریلیف فراہم کریں گے جو خوش آئند ہے۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ وزیر خزانہ نے اپنے عہدے کا حلف لینے کے بعد قیمتوںکی مانیٹرنگ کرنے والی قومی کمیٹی اور ادارہ شماریات کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں تاکہ معیشت اور قیمتوں کی درست صورتحال سامنے آ سکے۔ کاشتکار سے لے کر صارفین تک ساری غیر دستاویزی سپلائی چین کے ہتھکنڈوں اور منافع کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ قیمتوں کو کم کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ بہت سے کاشتکاربینکوں سے قرضہ نہیں لے پاتے جبکہ آڑھتی انھیں بیس سے تیس فیصد تک سود پر قرضہ دیتے ہیں جس سے کسان کو اپنی محنت کا صلہ نہیں ملتا ہے۔اسکے علاوہ آڑھتیوں کے اندھا دھند منافع عوام کو زرعی اجناس کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑتی ہے اور اس سارے معاملہ کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔وزیر خزانے کے گندم کے سٹاک کو ساٹھ لاکھ ٹن تک بڑھانے اور شارٹ فال ختم کرنے کے لئے تیس لاکھ ٹن گندم درامد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو خوش آئند ہے۔ 2020 میں چونتیس لاکھ ٹن گندم درامد کی گئی ہے جبکہ2019 میں بھاری مقدار میں گندم برامد کی گئی تھی جس سے مسائل نے جنم لیا۔زرعی شعبہ کی بحالی کے لئے بہتر بیج، زرعی ادویات، کھاداور سستے قرضے ضروری ہیں جسکے لئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ زرعی پیداوار پر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے کی منصوبہ بندی بھی جاری ہے۔