نواز شریف نے حکومت ختم کی، سیاست بھی ختم کریگا، فرح گوگی کا دوسرا نام عمران خان ہے: مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان کے احتجاج پر تنقید کرتےہوئے کہا ہے کہ اگلی تقرریوں کا فیصلہ میرٹ پر ہوگا، غنڈہ گردی، دھونس اور دھمکی سے تقرریوں کا فیصلہ نہیں ہوگا۔لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ مجھے یاد ہے کہ جب کھوکھر پیلس کا تقدس پامال کیا گیا، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پارلیمنٹ نے اٹھا کر باہر پھینکا، ایک شخص کہتا تھا کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی، نواز شریف نے لندن میں بیٹھ کر عمران خان کی حکومت ختم کی، بہت جلد نواز شریف اس کی سیاست بھی دفن کردے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں سناتا رہا کہ گھبرانا نہیں ہے اور خود اقتدار جانے پر دھاڑے مار مار کر رو رہا ہے۔انہوں نے کہا عمران خان نے کبھی زندگی میں سچ نہیں بولا، آخری دنوں میں عمران خان نے آئین کی دھجیاں اڑائیں، رات کو 12 بجے عدالتیں اس لیے کھلیں کیونکہ تم نے آئین پاکستان پر خود کش حملہ کیا، آخری گیند تک کھیلنے کے دعوے کرنے والا مقابلے سے بھاگ گیا۔مریم نواز نے کہا کہ تمہارے ساتھیوں نے حلف سے غداری کی، عمران خان کے تمام حربے ناکام ہوگئے، عمران خان جیسے حکمران کے لیے کسی سازش کی ضرورت نہیں، کیا تم نے نواز شریف کی طرح ایٹمی دھماکے کیے جو تمہارے خلاف سازش ہوتی۔ان کا کہنا تھا کہ سازشی خط کی ٹیں ٹیں ٹیں سن سن کر دماغ پک گیا ہے، کچھ روز بعد خط دکھا کر چوراہوں پر پیسے مانگے گا، توشہ چور، خط چھوڑ، رپورٹ کارڈ دکھاؤ اور اپنی کارکردگی بتائیں۔