استحکام، ترقی اور خوش حالی کی منزل کا پھر سے آغاز مبارک ہو۔مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چارسال کے دورگھبراہٹ کے بعد پاکستان کے دوستوں کی محفل پھر سے آباد ہونے جارہی ہے، استحکام، ترقی اور خوش حالی کی منزل کا پھر سے آغاز مبارک ہو۔ سعودی عرب پاکستان دوستی ہمیشہ زندہ باد۔ان خیالات کااظہار مریم اورنگزیب نے جمعرات کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے محسن اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی خصوصی دعوت پر وزیراعظم شہبازشریف حجاز مقدس روانہ ہورہے ہیں۔ 28 سے 30 اپریل کا یہ دورہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد شہبازشریف کا پہلا غیرملکی دورہ ہے جو دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ، پرجوش اور باہمی اعتماد پر مبنی تاریخی تعلقات کی تجدید کا مظہر ہے اور مثالی دوستی کا ایک نیا تاریخی باب کھولے گا۔ انہوں نے کہا کہ عام پرواز سے روانہ ہونے والے اس دورے میں خادم پاکستان کی قیادت میں کل 13 افراد شامل ہیں۔