سابق وزیراعظم عمران خان کا 27 رمضان کی مناسبت سے شبِ دعا کا انعقاد

سابق وزیراعظم عمران خان نے 27 رمضان کی مناسبت سے اپنی رہائش گاہ بنی گالہ میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا۔عمران خان نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ جو قوم نظریے کو کھو بیٹھتی ہے اس کا وجود ختم ہوجاتا ہے، ہمیں جس پاکستان کی طرف جانا تھا بدقسمتی سے نہیں جا سکے، پاکستان کو فلاحی ریاست بننا تھا، مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر کھڑاہونا تھا، ہمیں پاکستان کو مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر کھڑا کرنا چاہیے۔عمران خان نے کہا کہ ہماری آزادی میں مداخلت ہوئی، باہر سے سازش کرکے پُتلے بٹھائے گئے، ہم سب کو پاکستان سے متعلق علامہ اقبال کے خواب کو سمجھنا ہوگا، ہمیں سمجھنا ہوگا کہ پاکستان کو کوئی عام ملک نہیں بننا تھا، ہمیں ریاست مدینہ کے اصولوں پر ایک عظیم قوم بننا تھا، قوم آج دعا کرے کہ ہم اپنی آزادی کی راہ میں حائل زنجیریں توڑ سکیں۔