سی پیک دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریگا،اسد عمر

Aug 28, 2018 | 08:30

خزانہ، محصولات اور اقتصادی امور کے وزیر اسد عمر نے کہا ہے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کی معیشت کو آگے لے جانے کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردارادا کرے گا۔

انہوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں چین کے سفیر یاؤ جنگ کے ساتھ باتیں کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔چین کے سفیر نے اس موقع پر وفاقی وزیر کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نئی حکومت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ وزارت خزانہ کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کرنا چاہتے ہیں تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے۔ادھر پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے بھی آج اسلام آباد میں اسد عمر سے ملاقات کی۔

سعودی سفیر نے وزیرخزانہ کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی بہترین خواہشات اور مکمل حمایت ان تک پہنچائیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں اور آنے والے دنوں میں ان کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔

وزیر خزانہ نے سعودی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزارت خزانہ دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مضبوط مستحکم بنانے میں ان کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گی۔

مزیدخبریں