وزیراعظم، پومپیو گفتگو سے متعلق امریکی محکمہ خارجہ کی پریس ریلیز حقائق کے برعکس قرار

Aug 28, 2018 | 13:55

سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور امریکی وزیرخارجہ کی بات چیت مثبت، تعمیری اور دوستانہ انداز میں ہوئی جب کہ امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان نے جو بات کی اس کا ٹیلی فونک رابطے میں ذکر تک نہیں۔ امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ کی پریس ریلیز حقائق سے برعکس ہے، ٹیلی فون پر جو بات ہوئی وہ بہت تعمیری اور قریب لانے والی تھی، امریکی پریس ریلیز میں جس کا تذکرہ ہوا اس کا داستان میں ذکر نہ تھا، اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا بیان دیکھا لیکن ہم اپنی بات پر قائم ہیں۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پانچ ستمبر کو وزیر خارجہ مائیک پومپیو پاکستان آرہے ہیں کوشش ہو گی کہ پاک امریکہ تعلقات کو بہتری کی طرف موڑیں۔ خارجہ اور دفاع کے معاملے پر ہمیں سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر سوچنا ہوگا، خارجہ پالیسی مرتب کرنے میں پارلیمنٹ سے رہنمائی لیں گے، قومی خارجہ اور دفاعی پالیسی پر ہم سب ایک ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں وزیراعظم پر پاکستان میں سرگرم تمام دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی اہمیت پر زور دیا گیا تھا۔ تاہم پاکستان نے وزیراعظم عمران خان اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو سے متعلق جاری کردہ امریکی بیان کو حقائق کے منافی قرار دےکر مسترد کردیا تھا۔

مزیدخبریں