ضمنی انتخابات میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکے ڈالے گئے کا بھرپور بدلہ لیں گے۔ حمزہ شہباز شریف
ضمنی انتخابات میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکے ڈالے گئے کا بھرپور بدلہ لیں گے ـ مسلم لیگ ن آج بھی پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول جماعت ہے ـ جیل کی سلاخیں اور دیواریں قائد محترم نواز شریف کا حوصلہ پست نہیں کر سکیںـ ووٹ کی حرمت اور جمہوریت کی سربلندی کی جدوجہد پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گیـ اس امر کا اظہار مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما حمزہ شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں لیگی رہنماؤں سے ملاقات کے موقع پر کیاـ اس موقع پر ضمنی انتخابات کی حکمت عملی اور ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیاـ مختلف اضلاع سے آنے والے رہنماؤں میں سابق وفاقی وزراء اویس لغاری ، طارق فضل چوہدری، ارشد لغاری کے علاوہ رانا مبشراقبال، ارشد جٹ ، طفیل جٹ ، منیر اظہر، مولوی طارق چوہان اور دیگر شامل تھےـ ملاقاتوں کے موقع پر ضمنی انتخابات میں متوقع امیدواروں کے ناموں پر بھی غور کیا گیا ـ اس موقع پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی جانب سے قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب میں حمزہ شہباز کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی فتح ممکن بنانے کیلئے بھرپور جدوجہد اور عزم کا اظہار کیاگیاـ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقاتوں میں ملک بھر میں ضمنی انتخابات کے لئے مربوط لائحہ عمل مرتب کرتے ہوئے تمام مقامی سیاسی سٹیک ہولڈر ز اور اتحادیوں وک اعتماد میں لے کر بہترین امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیاـ اس موقع پر حمزہ شہباز نے سینئر رہنماؤں کو ضمنی انتخابات کی تیاری کے سلسلہ میں ذمہ داریاں تفویض کرتے ہوئے بھرپور انتخابی مہم چلانے کی ہدایت کی جبکہ پارٹی کارکنوں کو درپیش مشکلات کو حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے تنظیمی اور سیاسی امور پر ان کے تحفظات اعلی قیادت تک پہنچانے کی یقین دہانی کروائیـ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ مشکل وقت اور حالات میں پارٹی قیادت کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہنے والے رہنما اور کارکن پارٹی کا عظیم سرمایہ ہیں ـ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے کارکنوں اور رہنماؤں نے اور شریف خاندان نے پہلے بھی بہت نشیب و فراز دیکھے ہیں ہم الحمد اللہ ہر امتحان میں سرخرو ہوئے اور آج بھی نا مساعد حالات ، مشکلات اور اوچھے ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں ـ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ ن اپنے اتحاد اور پر عزم سیاسی جدوجہد سے جمہوریت اور مسلم لیگ ن کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنا دیں گے ـ حمزہ شہباز نے قومی اور صوبائی اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب میں پارٹی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی جانب سے قائدین پر اعتماد اور بھرپور اظہار یکجہتی پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیاـ اس موقع پر حمزہ شہباز نے عید کے روز جیل میں میاں نواز شریف سے ملاقات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا اور قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کی جانب سے لیگی قائدین اور کارکنوں کے لئے نیک تمناؤں کا پیغام بھی دیاـ