عبرتناک شکست کے بعد لیگیوں نے سوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈا شروع کر رکھا ہے۔ مسرت چیمہ

Aug 28, 2018 | 15:45

تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ سیاسی طور پر عبرتناک شکست کے بعد لیگیوں نے سوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈا شروع کر رکھا ہے لیکن عوام ان کے بہکاوے میںنہیں آئیں گے، عمران خان نے پنجاب کابینہ کیلئے واضح اہداف مقرر کئے ہیں اور اس کیلئے بھرپورمانیٹرنگ کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والی خواتین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ مسرت چیمہ نے کہاکہ تحریک انصاف نے اپنے اعلاہ کردہ 100 روزہ ایجنڈے پر عملدرآمد شروع کردیاہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی رفتار بڑھے گی ۔ عمرا ن خان نے واضح کہا ہے کہ ہم خود کو عوام کے سامنے احتساب کے لئے پیش کریں گے ۔ انہوںنے کہاکہ تعلیم ،صحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے ترجیح ہوںگے ۔تعلیم کے معیار کو بہتر کرنے اور شرح خواندگی کوبڑھانے کیلئے ایمرجنسی کی طرز پر اقدامات تجویز کئے جارہے ہیں او رانشا اللہ پانچ سال بعد نتائج پوری قوم کے سامنے ہوں گے۔انہوںنے کہاکہ ڈگری ہولڈرز نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے کارپوریٹ اور پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ جوائنٹ ونچر کیا جائے گا ، اس کے علاوہ ہنر مند فورس کی تیاری کیلئے ٹیکنیکل اداروں کا معیار بھی بہتر کیا جائے گا ۔ مسرت چیمہ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرے گی اور اس کیلئے انہیں زندگی کے ہر شعبے میں برابری کے مواقع دئیے جائیںگے۔ہنر مند خواتین کو بلا سود قرضے دئیے جائیں گے اور آنے والے دنوںمیں اس کیلئے جامع پروگرام کا اعلان کیا جائے گا ۔

مزیدخبریں