عوامی فلاح و بہبودکیلئے سرکاری افسران کو تمام ترتوانائیاں بروئے کار لانی ہوگی، سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات
وفاقی سیکرٹری برائے وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ سرکاری افسران کو انتہائی تندہی اور مکمل عزم کیساتھ عوامی خدمت کو شعار بنانا ہوگا، عوامی فلاح و بہبود کیلئے بہترین پالیسیز وضع کرنے کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لانی ہوگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت منصوبہ بندی کا مطالعاتی دورہ کرنے والے 21ویں صوبائی سروسز مینجمنٹ گروپ کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا، اس سے قبل وزارت منصوبہ بندی کے مختلف تکنیکی شعبہ جات کے سینئر افسران نے شرکاء کو وزارت کے کام اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی، وفاقی سیکرٹری شعیب احمد صدیقی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سرکاری افسران کو خود احتسابی کی پالیسی پر عمل پیرا ہوکر عوامی توقعات پر پورا اترنا ہوگااور انتہائی پیشہ ورانہ اندار میں حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کرکے گڈ گورننس اور تبدیلی کیلئے کام کرنا ہوگا،انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری افسران کو بابائے قوم کی تعلیمات پر عمل کرکے مکمل ڈسپلن کا مظاہرہ کرنا ہوگا کیونکہ ڈسپلن ہی کی ذریعے ملک اور اداروں میں کامیابی یقینی بنائی جاسکتی ہے، سرکاری افسران کو خود تک عوام کی رسائی ممکن بنانی ہوگی کیونکہ لوگ اپنے مسائل کے حل کیلئے ان سے کافی توقعات رکھتے ہیں، ملکی قوانین کے اندر رہتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود عین ممکن ہے مگر اس مقصد کیلئے افسران کو عزم اور یقین محکم کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ سیکرٹری شعیب احمد صدیقی نے صوبائی سطح پر افسران کی تربیتی پروگرامز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی تربیتی پروگرامز حصول علم اور آگہی میں اضافے کے باعث ہوتے ہیں ، یہ سلسلہ مستقل بنیادی پر جاری رہنا چاہئے۔