حالیہ بارشوں سے سندھ بھر میں 80 افراد ہلاک ہو ئے: وزیر اعلیٰ سندھ
شہر قائد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ روز کی بارش سے پورا شہر ہل گیا ہے، ہمیں لوگوں کی مشکلات کا اندازہ ہے۔ بارش کے اس اسپل نے ہمیں مزید کام کرنے کا احساس دلایا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں اب تک 604 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، فیصل بیس میں 230.5 ملی میٹر، سرجانی ٹاوَن میں 195 ملی میٹر جب کہ بدین میں 345 ملی میٹر بارش ہو چکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران 150 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بارشوں سے شہریوں کا بہت زیادہ نقصان ہوا ہے، گزشتہ رات فلیٹ کی دیوار گرنے سے 7 لوگ جاں بحق ہوئے ہیں۔ مراد علی شاہ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ دادو میں برساتی نالے کی وجہ سے لوگوں کو شدید نقصان ہوا ہے، 6 جولائی سے کل تک کراچی میں 47 اموات ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں کل 17 لوگوں کی اموات ہوئی ہیں جب کہ سندھ بھر میں مون سون سیزن کے دوران 80 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ لوگوں کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہوں، بلاول بھٹو نے ہدایت کی ہے کہ جن لوگوں کے نقصانات ہوئے ان کیلئے انتظامات کریں۔