مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے دو نئے فیچر متعارف کروادیے
کیلیفورنیا: واٹس ایپ نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی اپنے استعمال کنندگان کی مشکلات کو سمجھتے ہوئے نئی اپ ڈیٹ میں وائس میسیجز (صوتی پیغامات) کے لیے دو نہایت مفید فیچرز شامل کر دیے ہیں۔ ٹیکنالوجی ویب سائٹ وے بی ٹا انفو کے مطابق واٹس ایپ کے استعمال کنندگان اب اپنے ریکارڈ کیے گئے صوتی پیغامات کوبھیجنے سے قبل سن بھی سکیں گے۔ وائس میسجز کے لیے ان دو نئے فیچرزکو واٹس ایپ کی نئی اپ ڈیٹ 2.21.18.3 میں شامل کیا گیا ہے۔ نئی اپ ڈیٹ میں دو نئے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں جس میں پہلا فیچر رئیل ٹائم وائس لہریں ظاہر کرے گا اور وائس پیغام کی ریکارڈنگ روکنا بھی ممکن ہوسکے گاجبکہ دوسرے فیچر میں کسی بھی ریکارڈ کیے گئے پیغام کو بھیجنے سے قبل سنا جاسکے گا۔ اس سے قبل بھی وائس میسج کو سننا ممکن تھا لیکن اس کا طریقہ کار بہت پیچیدہ تھا۔ لیکن اب واٹس ایپ نے اسے مزید سہل بناتے ہوئے کا بٹن شامل کردیا ہے اور آپ اپنے ریکارڈ کیے گئے وائس میسجز کو سن سکتے ہیں۔ اور اگر آپ اسے بھیجنا نہیں چاہتے تو انہیں ڈیلیٹ بھی کیا جاسکتا ہے۔ واٹس ایپ نے ان نئے فیچرز کو آج سے فعال کردیا ہے اور استعمال کنددگان اپنی ایپلی کیشن اپ ڈیٹ کرنے بعد اسے استعمال کرسکیں گے۔