پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سوات میں محصور درجنوں افراد ریسکیو
پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز نے سوات میں محصور 110 افراد کو ریسکیو کر کے کانجو کینٹ منتقل کردیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج نے سوات میں پھنسے 110 افراد کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کردیا، یہ افراد خوازہ خیلہ میں پھنسے ہوئے تھے انھیں کانجو کینٹ سوات منتقل کیا گیا ہے۔جاری کردہ پیغام میں آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیلاب ریلوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کےلیے چار آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز بھیجے گئے تھے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ ریسکیو کیے گئے افراد کو کھانا اور ضروری طبی امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کمراٹ کی پہاڑیوں پر پھنسے افراد کے ریسکیو کے لیے ہیلی کاپٹر جلد روانہ ہوں گے، ہیلی کاپٹر کانجوکینٹ سوات میں موسم بہتر ہونے کے منتظر ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دیراسکاوٹس کی جانب سے فلڈ ریلیف سینٹر بھی قائم کردیا گیا ہے، دیراسکاوٹس کنٹرول رومز کے نمبربھی جاری کردیئے گئے ہیں۔