مسلم لیگ (ن) نے عوام سے اعتماد کا ووٹ لے کر حکومت قائم کی ہے۔ بیرسٹرمحسن شاہ نوازرانجھا
اسلام آباد ۔ 28 دسمبر (اے پی پی) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات بیرسٹر محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بچگانہ سوچ کے حامل ہیں، انہیں لفظ سہولت کار کے مطلب کا بھی علم نہیں، محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت پاکستانی سیاسی تاریخ کاسیاہ باب ہے، محترمہ کی جمہوریت کی بحالی کےلئے خدمات یاد رکھی جائیں گی، افسوس اس بات کا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت بھی اس کے قاتلوں کو گرفتار نہ کرسکی۔ بدھ کو جاری بیان میں بیرسٹر محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے عوام سے اعتماد کا ووٹ لے کر حکومت قائم کی ہے،جمہوریت کے نام نہاد دعویداروں نے کبھی دھرنے اور کبھی لانگ مارچ کئے اور عوامی منڈیٹ کو پامال کرنے کی گھناونی سازشوں کےلئے کوئی کسر نہ چھوڑی، بلاول بھٹو زرداری کے کشمیرکے حوالے سے حکومتی پالیسوں پرتنقیدکے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ کشمیر ایشو کو وزیر اعظم نے عالمی سطح پرموثر انداز میں اجاگرکیا، ماضی میں کیا ہوا؟کسی نے کشمیر مسئلے کی بات تک نہ کی۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت سے منہ نہیں موڑنا چاہیے، پی پی پی ماضی کو یاد رکھے جبکہ ناقص کارگردگی پرایک وزیر اعظم گھر گیا تودوسرا کیس بھگتتا رہا۔ بیرسٹر محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا پارلیمنٹ میں آنے کا عزم پارلیمنٹ پر مکمل اعتماد کا ثبوت ہے، انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔