شدید دھند نے سندھ اور پنجاب کی ٹریفک بند کروادی۔
لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے اور بالائی سندھ ایک بار پھر شدید دھند کی لپیٹ میں آگئے ہیں ، جبکہ موٹر وے پر حدنگاہ کم ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔ترجمان موٹروے کے مطابق موٹروے کے بیشتر کھلے مقامات پر دھند کا راج ہے،جس کے باعث موٹروے ایم ون پشاور سے صوابی تک دھند کے باعث بند کردی گئی ہے، دھند کے باعث مسافروں کو سفری مشکلات کا سامنا ہے۔شدید دھند کے باعث موٹروے پولیس کی جانب سے شہریوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ شہری غیر ضروری سفر اور تیز رفتاری سے اجتناب کریں، دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال نہ کریں اور گاڑیوں میں فوگ لائٹس کے استعمال کو یقینی بنائیں، کسی بھی ایمرجنسی اور معلومات کی صورت میں ایک تین صفر پر کال کریں۔دوسری جانب روہڑی ٹول پلازہ سے ٹنڈو مستی اس وقت دھند کی لپیٹ میں ہیں جس کے باعث حد نگاہ میں واضح کمی دیکھنے میں آئی اور حد نگاہ چالیس سے پچاس میٹر تک رہ گئی ہے۔موٹروے حکام کا کہنا ہے کہ شدید دھند کے باعث موٹر وے کے متعدد سیکٹرز ٹریفک کیلئے بند کئے گئے ہیں،دھند کم ہونے پر موٹر وے کو ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔