پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت 145 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کردیا
پاکستانی حکام نے جذبہ خیر سگالی کی بنیاد پر کراچی کی ملیر جیل سے 145 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کردیا۔ملیر جیل سے رہائی پانے والے بھارتی ماہی گیروں کو سخت سکیورٹی میں کراچی کے کینٹ ریلوے اسٹیشن پہنچایا گیا ۔بھارتی شہریوں کو لاہور سے واہگہ بارڈر لے جایا جائے گا جہاں انہیں بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف)حکام کے حوالے کیا جائے گا۔ بھارتی شہریوں نے پاکستانی جیل حکام کے حسنِ سلوک کی بھی تعریف کی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ماہی گیروں کا کہنا تھا کہ وہ بھارت جا کر حکام سے درخواست کریں گے کہ وہ بھی بھارتی جیلوں میں قید پاکستانیوں کو بھی جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کرنے کے اقدامات کریں۔فلاحی تنظیم ایدھی فاونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے بھی ہائی پانے والے بھارتی شہریوں کو تحائف اور پیسے دیئے جبکہ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی حکام سے مزید 140 ماہی گیروں کی رہائی کے لئے بات چیت جاری ہے۔یاد رہے کہ پاکستان نے رواں سال اکتوبر میں 68 جبکہ جولائی میں بھارت کے 78 ماہی گیروں کو رہا کردیا تھا جنہیں سمندری حدود کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا تھا۔