پاکستان نے کلبھوشن کی اہلیہ کے جوتے واپس نہیں کیے۔ سشما سوراج

Dec 28, 2017 | 17:35

بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ پاکستان نے کلبھوشن کی اہلیہ کے جوتوں میں خفیہ چیپ یا کیمرہ نصب ہونے کا الزام لگایا شکر خدا کا کہ انہوں نے جوتے میں بم ہونے کا بیان نہیں دیا، اسلام آباد نے یادیوکی اہلیہ چیتنا کے جوتے واپس نہیں کیے اس سے بھارت کے یہ شکوک سچ میں بدل رہے ہیں کہ پاکستان جوتے کے معاملے پر کوئی شرارت کرنے والا ہے۔جمعرات کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں کلبھوشن سے اس کی اہلیہ اور والدہ کی ملاقات کے معاملے پر یکساں بیان دیتے ہوئے سشما سوراج نے کہا کہ پاکستان بھارت کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے کے شرارت کر رہا ہے۔بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج نے کہا کہ ملاقات کے دوران کلبھوشن تناو کا شکار تھا، اس نے وہی کہا جو اسے کہنے کو کہا گیا تھا۔ کلبھوشن کے اہلخانہ کو پاکستان میں ہراساں کیا گیا جب کہ ان کی والدہ اور اہلیہ کے کپڑے تک تبدیل کروائے گئے،سہاگنوں کو بیواں کی طرح پیش کیا گیا اور ملاقات سے قبل دونوں خواتین کے منگل سوتر، بندیا اور چوڑیاں تک اتاریں گئیں، کلبھوشن نے ملاقات کے دوران سب سے پہلے والدہ سے اپنے والد کے متعلق سوال کیا اور والدہ کے گلے میں منگل سوتر نہ دیکھ کر وہ سمجھا کہ والد گزر چکے ہیں۔سشما سوراج نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کے اہلخانہ کو دوسرے دروازے سے ملاقات کے لئے لے جایا گیا جب کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو کچھ دیر بعد اندر جانے کی اجازت دی گئی، والدہ مادری زبان مراٹھی میں بات کرنا چاہتی تھیں جس کی اجازت نہیں دی گئی ان کا انٹرکام بند بھی کیاگیا۔ پاکستان نے اس میٹنگ کی اجازت انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دی تھی لیکن انسانیت کے نام پر ہونے والی اس میٹنگ میں انسانیت بھی غائب تھی اور خیر سگالی بھی۔بھارتی وزیر خارجہ نے الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مصداق کلبھوشن کی بیوی کے جوتوں میں موجود میٹل سم کی موجودگی سے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کبھی کہاجاتا ہے جوتے میں کیمرہ تھا، کبھی کہتے ہیں ٹرانسمیٹر تھا، کبھی کہتے ہیں اس میں ریکارڈر تھا، کلبھوشن کی بیوی اور ماں ایئر انڈیا کی پرواز کے ذریعے پہلے نئی دلی سے دبئی اور پھر ایمریٹس ایئر لائنز سے اسلام آباد پہنچیں، اگر ان کے جوتوں میں ایسا کچھ تھا تو ایئر پورٹس پر کیوں نظر نہیں آیا اور پاکستان نے بھی اسے میڈیا کے سامنے پیش نہیں کیا۔ چیتنا کے جوتے جو واپس نہیں کیے اس سے بھارت کے یہ شکوک سچ میں بدل رہے ہیں کہ پاکستان جوتے کے معاملے پر کوئی پروپیگنڈا کرنے والا ہے۔

مزیدخبریں