چاول کی برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران 38.58 فیصد اضافہ ہوا:شماریات بیورو
رواں مالی سال کے دوران چاول کی برآمدات میں 38.58 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادو شمار کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ میں جولائی تا نومبر 2019ء کے دوران 1.601 ملین ٹن چاول برآمد کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران برآمدات کا حجم 1.115 ملین ٹن رہا تھا۔ پی بی ایس کے مطابق چاول کی برآمدات بالحاظ مالیت بھی603.149 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 835.686 ملین ڈالرتک بڑھی ہیں۔ اس طرح چاول کی ملکی برآمدات میں 38.58 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال کے دوران باسمتی چاول کی برآمدات میں 61.47 فیصد اضافہ ہوا ہے اور باستمی چاول کی برآمدات جولائی تا نومبر 2019ء کے دوران 3 لاکھ 43 ہزار 885 ٹن تک پہنچ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا نومبر 2018 ء کے دوران ایک لاکھ 90 ہزار 997 ٹن باستمی چاول برآمد کیا گیا تھا۔پی بی ایس کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران دیگر مختلف اقسام کے چاولوں کی برآمدات 1.257 ملین ٹن (522.846) ملین ڈالر رہی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 9 لاکھ 64 ہزار 539 ٹن متفرق چاول کی برآمدات سے 409.294 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔