او آئی سی کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خصوصی اجلاس بلانے کا فیصلہ
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر او آئی سی نے اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے ،او آئی سی اجلاس سعودی عرب کی جانب سے بلایا جائے گا ،جبکہ اجلاس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔او آئی سی کا خصوصی اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہو گا،اجلاس میں بھارتی شہریت کے ترمیمی قانون میں تبدیلی پر بھی غور ہو گا۔تاہم او آئی سی اجلاس اپریل میں بلائے جانے کا امکان ہے ۔ واضح رہے کہ وادی کشمیر میں بھارت کی طرف سے مسلط کردہ غیر انسانی لاک ڈاؤن اور مواصلاتی بندش کے باعث مسلسل 146 ویں روز بھی معمولات زندگی بدستور مفلوج ہیں۔ سڑکیں سنسان ، وادی میں دکانیں، کاروبار، تعلیمی مراکز بند ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ قابض بھارتی فوج نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔وادی میں نام نہاد سرچ آپریشن اور پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی جاری ہےاور حالات تاحال کشیدہ ہیں۔وادی میں خوراک اور ادویات کی قلت بھی برقرار ہے اور بھارتی غاصب فورسز کی جانب سے مظالم کی شدت میں مزید اضافہ بھی کر دیا گیا ہے۔ وادی میں موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات تاحال معطل ہیں۔ دوسری جانب مودی سرکار کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے میں ناکام ہےکشمیری کرفیو توڑ کر سڑکوں پر نکل آئے اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کرتے رہے ۔ یاد رہے کہ 5اگست کو مودی سرکار نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کےآرٹیکل 370 اے کو ختم کر کے مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کر دیا تھا اور بھارت نے کشمیریوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔