اسٹیٹ بینک کی جانب سے ٹیکس دینے والوں کے لیے خوش خبری
کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ٹیکس دینے والوں کو خوش خبری دیتے ہوئے اے ڈی سی اور او ٹی سی کے ذریعے حکومتی ٹیکس کی ادائیگی پر فیس ختم کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بینک دولت پاکستان نے یکم جنوری 2020 سے آلٹرنیٹو ڈلیوری چینلز (ADC) اور اوور دی کاؤنٹر (OTC) کے ذریعے حکومتی ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں کی ادائیگی پر فیس ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس وقت ٹیکس گزاروں کو اے ڈی سیز کے ذریعے ٹیکسوں کی ادائیگی پر ٹیکس کی رقم کے لحاظ سے فی ٹزانزیکشن 10 سے 50 روپے تک اور او ٹی سی کے ذریعے ادائیگی پر فی ٹرانزیکشن 50 روپے ادا کرنے ہوتے ہیں۔ یکم جنوری 2020 سے یہ فیس ٹیکس گزاروں کی بہ جائے اسٹیٹ بینک برداشت کرے گا، یہ اقدام اسٹیٹ بینک کی ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے، جس کے سبب ٹیکس گزاروں کی بڑی تعداد ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں کی ڈیجیٹل ادائیگی کی طرف آنے کا امکان ہے۔