ضرورت ہے۔۔ تجارتی معاہدوں پرعملدرآمد میں رکاوٹیں دور کرنے کی

اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ایران اور ترکی سمیت دس ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہوئے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز وزارتی کونسل کے چئیرمین منتخب ہو گئے۔ اُن کا کہنا تھا کہ امید ہے، اقتصادی راہداری سے ای سی او رکن ملکوں کو فائدہ ہوگا۔ رکن ملکوں میں رابطوں کے فروغ سے خطے میں خوشحالی آئے گی۔ تجارتی معاہدوں پر عملدرآمد میں رکاوٹیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔سرتاج عزیز نے کہا کہ اشیاء کی نقل و حمل میں رکاوٹیں دور کرنے کی ضرورت ہے، ای سی او میں پبلک پرائیویٹ شراکت بہتر بنانا ہو گی۔ اِس موقع پر ایران کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ تنظیم مستقبل میں رکن ممالک میں تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ جواد ظریف نے کہا کہ علاقائی تعاون کیلئے وژن 2025تشکیل دیا جائے، وژن 2025پر عملدرآمد کیلئے رکن ممالک کو بھرپور کوششیں کرنا ہوں گی۔ ای سی او کو توانائی سمیت دیگر شعبوں میں کام کرنا چاہیےایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ تمام رکن ممالک کو مشترکہ چیلنجز کا ملکر مقابلہ کرنا ہوگا۔ اقتصادی تعاون تنظیم کے 13ویں سربراہ اجلاس میں پیش کیے جانے والے اسلام آباد اعلامیہ کی منظوری دی جائے گی اور نئی علاقائی اور عالمی صورتحال کے تناظر میں اقتصادی تعاون تنظیم کے امور کا جائزہ لیا جائے گا۔۔