پی ایس ایل فائنل لاہور میں کروانا بہت بڑا رسک اورغیردانشمندانہ فیصلہ ہے: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کا فائنل لاہور میں کرانے کے فیصلے کو غیر دانشمندانہ قرار دے دیا۔منگل کوسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کا خواہشمند مجھ سے زیادہ اور کوئی نہیں ہوگا، لیکن پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کروانا ایک بہت بڑا رسک ہے، جس کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ 1992 ء میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ جتوانے والے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیم کے گرد سیکیورٹی حصارمیں کھیلے جانے والے میچ سے ملکی سیکیورٹی پر حرف آئے گا۔ساتھ ہی انھوں نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ اگر خدانخواستہ کوئی واقعہ پیش آگیا تو ہم اگلی ایک دہائی تک پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔اس سے قبل ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں بھی عمران خان نے پی ایس ایل فائنل کے لاہور میں انعقاد کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال کیا تھا کہ پورا شہر بند کرکے میچ کرانے سے کیا حاصل ہوگا؟یاد رہے کہ گذشتہ روز پنجاب حکومت نے کابینہ کمیٹی اور سیکیورٹی اداروں کی مشاورت سے لاہور میں پی ایس ایل فائنل کے انعقاد کا فیصلہ کیا۔ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے پی ایس ایل فائنل کے لیے فول پروف سیکیورٹی کو 100 فیصد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے عوام سے اس کو کامیاب بنانے کی اپیل کی تھی۔دوسری جانب پنجاب کے وزیرقانون رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے پی ایس ایل فائنل کے حوالے سے تمام تیاریں مکمل کرلی ہیں اور فائنل 5 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔