چین نے دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں کے اعتراف میں عالمی برادری کوپاکستان کے ساتھ غیرجانبداری سے پیش آنے کی اپیل کردی
غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی واچ لسٹ میں پاکستان کا نام گرے لسٹ میں شامل کرنے کے معاملے پرعالمی برادری سے پاکستان کے ساتھ غیرجانبداری کے ساتھ پیش آنے کی اپیل کی ہے۔ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ دنیا تنقید اورتعصب کے بجائے غیرجانبداری کے ساتھ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں کا موازنہ کرے۔ترجمان چینی وزارت خارجہ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں سے آگاہ ہے۔پاکستان نے زمینی آپریشن کے ساتھ ساتھ مالیاتی معاملات میں بھی دہشت گردی کا مقابلہ کیا۔ واضح رہے گزشتہ ہفتے پیرس میں دہشت گردوں کی معاونت کے الزامات کے تحت فنانشل ایکشن ٹاسک فورس میں پاکستان کا نام واچ لسٹ میں شامل کرنے کے حوالے سے تنظیم کے نمائندہ ممالک کا اجلاس ہوا تاہم تنظیم نے پاکستان کا نام لسٹ میں شامل نہ کرتے ہوئے 3 ماہ کی مہلت دے دی تھی۔