پی سی بی کا انڈر 19 ٹیم کی باگ ڈور یونس خان کو سونپنے پر غور
پاکستان کرکٹ بورڈ، راہول ڈریوڈ کے ماڈل کو فالو کرتے ہوئے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی کمانڈ سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ بیٹسمین یونس خان کو سونپنے پر غور کر رہا ہے۔ ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ یونس خان کو انڈر 19 ٹیم کا ہیڈ کوچ اور سابق ٹیسٹ اسپنر ندیم خان کو منیجر بنانے کی تجویز ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کہہ چکے ہیں کہ پی سی بی راہول ڈریوڈ ماڈل پر عملدرآمد کرے گا۔ جونیئر کھلاڑیوں کے لیے بڑے سابق کھلاڑیوں کو کوچ بنانے کے علاوہ کرکٹرز کو کمپیوٹر، تعلیم اور اخلاقیات کے بارے میں بھی بتایا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یونس خان کے ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ کی بات چیت ہوئی ہے۔ یونس خان اپنی شرائط پر جونیئر ٹیم کے لیے کام کرنے کے لئے رضامند ہیں۔ 2018 میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ منصور رانا اس وقت پاکستانی ٹیم کے اسٹنٹ منیجر ہیں تاہم پی سی بی یونس خان کو جونیئر ٹیم کا نگراں بنا کر چاہتا ہے کہ گراس روٹ سے کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو پالش کیا جائے