وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع
اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پاک بھارت کشیدگی اور دیگر اہم امور سے متعلق وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں، اجلاس میں 12نکاتی ایجنڈے پرغورکیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ اجلاس میں حالیہ پاک بھارت کشیدہ صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ مختلف ممالک کے ساتھ سمجھوتوں اور یاد داشتوں کی توثیق بھی کرے گی۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ ای سی سی توانائی کمیٹی اور نجکاری کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی کرے گی، ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایف آئی اے کی پیپرا رولز سے استثنیٰ کی درخواست پرغور کیا جائے گا اور نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تقرری کی منظوری بھی دی جائے گی۔ اس کے علاوہ نیشنل بینک آف پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تقرری اور گلگت بلتستان اصلاحات پیکج کی منظوری بھی کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے، کورنگی فش ہاربراور فشری ڈپارٹمنٹ کی وزارت خوراک منتقلی پر بھی غور کیا جائے گا۔