بھارت متحد ہوکر لڑے گا اور یہ ہم سب کی فتح ہوگی۔ نریندرا مودی
وزیراعظم نریندرا مودی نے اپنی رویتی انداز میں ناقدوں کو ہاتھ جوڑ کر کہا ہے کہ سب سے ضروری چیز سکیورٹی فورسز کے حوصلے پست ہونے نہیں دینا ہے۔پاک فضائیہ کے کرارے جواب پر 24 گھنٹے بعد چپ توڑتے ہوئے مودی منظر عام پر آہی گئے اور عوامی دبائو کو کم کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست ہونے کی دہائی دیتے ہوئے خود کو تنقید سے بچانے کی ناکام کوشش کرتے رہے۔وزیراعظم نریندرا مودی نے کہا کہ سرحد پار سے حملے بھارت کو غیر مستحکم کرنے کے لیے ہیں، حملوں کا مقصد بھارت کی تعمیر و ترقی کو روکنا ہے، پوری قوم مذموم سازشوں کے خلاف چٹان کی طرح کھڑی ہے۔فوجی محاذ پر عبرت ناک ناکامی پرعوامی حمایت کھودینے والے بھارتی وزیراعظم نے اتحاد اتحاد کی گردان کرتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع سب کی ذمہ داری ہے، بھارت متحد ہوکر لڑے گا اور یہ ہم سب کی فتح ہوگی۔اپوزیشن سے اکھڑے اکھڑے رہنے والے وزیراعظم مودی اب منت سماجت کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ہمیں متحد ہو کر دشمن کو بتانا ہوگا کہ ہم کسی حملے سے خوف زدہ نہیں تاہم اپوزیشن مودی کو موقع دینے پر رضامند دکھائی نہیں دیتی۔واضح رہے کہ پاک فضائیہ کی 2 بھارتی طیاروں کو گرانے کے بعد وزیراعظم مودی شدید دباو کا شکار ہیں اور اس دباو سے نکلنے کے لیے کبھی وہ سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست ہونے کی دہائی دیتے ہیں تو کبھی اپوزیشن کے پیچھے چھپنے کی کوشش کرتے ہیں۔