کوئٹہ: کوروناوائرس کے حوالے سے 10 بستروں پر مشتمل آئسولیشن وارڈ قائم
کوئٹہ میں کوروناوائرس کے حوالے سے فاطمہ جناح چیسٹ اینڈ جنرل ہسپتا ل میں 10بستروں پر مشتمل آئسولیشن وارڈ قائم کردیا گیا۔انچارج آئسولیشن وارڈ ڈاکٹرصادق کے مطابق وارڈمیں 24گھنٹے ڈاکٹرز اور طبی عملہ موجود رہے گا،جبکہ کورونا کی تشخیص کے لئے خصوصی لیبارٹری کٹس اسلام آباد سے منگوائی گئیں ۔انہوں نے بتایا کہ کوروناوائرس سے تحفظ کے لئے خصوصی لباس بھی منگوائے گئے ہیں۔دوسری جانب ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ ائرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کا عمل جاری ہے، ائرپورٹ پر دبئی اور شارجہ سے آنے والے تمام مسافروں کی اسکریننگ کی جارہی ہے۔ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق بین الاقوامی پروازوں سے آنے والے کسی مسافر میں کوروناوائرس کا شبہ نہیں پایا گیا ہے۔