سیاحت کے فروغ میں حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ویزہ پالیسی اہم سنگ میل ثابت ہوگی، عمران خان
اسلام آباد :وزیر اعظم عمران خان سے مالاکنڈ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی نے ملاقات کی ۔ ممبران قومی اسمبلی نے وزیر اعظم کو اپنے اپنے حلقہ انتخاب میں تعلیم، صحت، بجلی گیس و دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ ا س موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں سیاحت کے پوٹینشل کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹوارزم کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ سیاحت کے فروغ میں حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ویزہ پالیسی اہم سنگ میل ثابت ہوگی ،وزیر اعظم نے کہاکہ مالاکنڈ ڈویژن میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہائیڈل پراجیکٹس اور ماحول دوست سستے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ پشاور سے ملائیشیا کے لئے فلائٹس جلد شروع کی جائیں گی جس سے بیرون ملک کام کرنے والے لوگوں کو سہولت میسر آئے گی۔ حلقوں سے متعلقہ مسائل کے حل کو یقینی بنانے کے لیے واضح اور ٹھوس تجاویز مرتب کی جائیں۔ اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ سرکاری محکموں میں کلاس چہارم تک کی خالی آسامیوں کو پر کرنے کے لیے مقامی لوگوں کو ترجیح دی جائے۔ سوات ، مالاکنڈ و دیگر علاقوں میں معدنی دولت کو برے کار لانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں:دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان سے جاوید آفریدی نے ملاقات کی ۔ملاقات میں وزیر اعظم کو پشاور زلمئے کی جانب سے فٹبال لیگ کے انعقاد کے حوالے سے بریف کیا گیا ۔ملک میں سپورٹس کے فروغ کے لیے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی ،عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں کی تعمیری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور پاکستان میں موجود ٹیلنٹ کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ نوجوانوں کو سپورٹس کی سہولیات میسر آئیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں سپورٹس کے فروغ کے لیے حکومت کی جانب سے خصوصی ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے ٹاسک فورس کی جانب سے پیش کی جانے والی سفارشات کی روشنی میں سپورٹس کے شعبے میں ضروری اصلاحات لانے میں مدد ملے گی۔ پشاور زلمے کی جانب سے ملک سپورٹس کے فروغ کے سلسلے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی ۔وزیر اعظم کی جانب سے سپورٹس کے فروغ میں پشاور زلمے اور جاوید آفریدی کی کوششوں کی بھی سراہا گیا۔وزیر اعظم عمران خان سے میانوالی سے تعلق رکھنے والے ممبر قومی اسمبلی و صوبائی اسمبلی کی ملاقات کی ۔میانوالی کے ارکان نے دورہ میانوالی پر وزیراعظم کا شکریہ اداکیا ۔