بھارت کی نیوزی لینڈ کو شکست، 5میچز کی سیریز میں 0-3کی فیصلہ کن برتری حاصل
بھارت نے تیسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کو 7وکٹوں سے شکست دے کر 5میچز کی سیریز میں 0-3کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ماؤنٹ مینگانوائے کے بے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں میزبان کیویز کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 49 اوورز میں 243رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔بھارت نے ہدف باآسانی 43اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، مہمان ٹیم کی جانب سے روہت شرما 62، شیکر دھاون 28 اور کپتان ویرات کوہلی 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ امباتی رائیڈو 40اور دنیش کارتھک 38رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کی تو روس ٹیلر 93، ٹام لیتھم 51اور کپتان کین ولیمسن 28رنز کے ساتھ نمایاں رہے اور دیگر بلے باز ناکام رہے۔بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ بھونیشور کمار، یوزوندرا چاہل اور ہاردک پانڈیا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر محمد شامی کو 'مین آف دی میچ' کے اعزاز سے نوازا گیا۔