لاہور: فیکٹری میں آگ لگنے سے ہلاکتوں کی تعداد 12ہو گئی ، متعدد زخمی
لاہور کے علاقے فیروزوالا میں فیکٹری میں آگ لگنے سے ہلاکتوں کی تعداد 12 ہو گئی ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے فیروزوالا میں امامیہ کالونی کے قریب نجی ڈائننگ فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کواپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے سے خواتین اور بچوں سمیت جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 12ہوگئی جبکہ متعدد زخمی ہو ئے ، کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد شامل ہیں جن میں 2 بچے، 2 خواتین اور ایک مرد ہیں۔آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ فیکٹری کے اندر ایک عمارت زمین بوس ہو گئی جبکہ ایک ملحقہ مکان کی چھت اور دیواریں گرگئیں اور دیگر گھروں میں بھی دراڑیں پڑگئیں۔ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر تمام ملحقہ گھروں کو مکینوں سے خالی کرالیا گیا۔فیکٹری کی بالائی منزل پر مزدوروں کی رہائش بھی تھی۔ آگ کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کئی گھنٹے کی محنت کے بعد آگ پر قابو پاگیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فیکٹری میں سلنڈردھماکے سے آگ لگی۔