چین میں مہلک کرونا وائرس کے عالمی سطح پر پھیلنے کا"انتہائی"خدشہ ہے:عالمی ادارہ صحت
عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ چین میں پائے جانے والے مہلک وائرس کرونا کے عالمی سطح پر پھیلنے کا ’’انتہائی‘‘ خدشہ ہے۔عالمی ادارے نے اپنی گذشتہ رپورٹس میں غلطی کا اعتراف کیا ہے، جن میں اس مہلک وائرس کے پھیلنے سے متعلق ’’ معتدل‘‘ اندیشے کا اظہار کیا گیا تھا۔اقوام متحدہ کے تحت عالمی ادارہ صحت نے اتوار کی شب وبائی امراض کی صورت حال کے بارے میں ایک رپورٹ شائع کی ہے۔اس میں کہا گیا ہے کہ ’’کرونا وائرس کے چین میں پھیلنے کا انتہائی خدشہ ہے، علاقائی سطح پر انتہائی خدشہ ہے اور عالمی سطح پر بھی پھیلنے کا انتہائی خدشہ ہے۔‘‘ڈبلیو ایچ او نے اس رپورٹ کے حاشیے (فٹ نوٹ) میں کہا ہے کہ جمعرات ، جمعہ اور ہفتہ کو شائع کردہ سابقہ رپورٹس میں ایک غلطی تھی۔ان میں غلط طور پر کہا گیا تھا کہ اس وائرس کے عالمی سطح پر پھیلنے کا ’’معتدل’’ خطرہ ہے۔