کراچی :لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر محکمہ داخلہ، آئی جی سندھ کو نوٹس جاری
سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر محکمہ داخلہ، آئی جی سندھ کو نوٹس جاری کردیے۔ عدالت نے تمام لاپتہ افراد کو بازیاب کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کردی ہے۔ بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ شہری حسن کی گمشدگی کی ایف آئی آر درج نہ کرنے پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے ایس ایچ او گارڈن کو آج ہی مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ایف آئی آر درج کریں ورنہ ایس پی کو جیل بھیجیں گے، اگر آج مقدمہ درج نہ ہوا تو ایس ایچ او بھی جیل جانے کے لیے تیار رہے۔ عدالت نے پولیس حکام کو برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تم لوگوں کو شرم نہیں آتی،کسی کا بیٹا غائب ہے اور تم ایف آئی آر تک درج نہیں کرتے۔ عدالت نے خاتون سے استفسار کیا کہ کیا یہ وہی ایس ایچ او ہے جس نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کیا۔ لاپتہ شہری کی والدہ نے بتایا کہ نہیں یہ وہ ایس ایچ او نہیں۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ اگر یہ وہی ایس ایچ او ہوتا تھا تو یہیں سے سینٹرل جیل بھیج دیتے۔ عدالت نے محکمہ داخلہ، آئی جی سندھ کو نوٹس جاری کردیے۔عدالت نے تمام لاپتہ افراد کو بازیاب کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کردی۔