پی ایس ایل 7 کا دوسرا میچ:آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ،پشاور زلمی سے کھیلے گی۔

نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 7 کا میلہ سج گیا جس کا دوسرا میچ آج کھیلا جائے گا۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈٰیم میں آج پی ایس ایل 7 کا دوسرا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق شام 7:30 بجے شروع ہوگا۔ آج کے میچ میں پشاور زلمی اپنے کپتان وہاب ریاض کے بغیر اترے گی جو کہ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث قرنطینہ میں موجود ہیں جبکہ ان کی جگہ کپتانی کے فرائض شعیب ملک انجام دیں گے۔ علاوہ ازیں پشاور زلمی کے اہم بیٹر و وکٹ کیپر کامران اکمل بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث آج کے میچ میں دستیاب نہیں ہوں گے جبکہ حیدر علی جو کہ کورونا وائرس میں مبتلا تھے وہ اب صحتیاب ہوگئے ہیں۔حیدر علی نے کورونا کو شکست دینے کے بعد ٹیم کو جوائن کرلیا ہے جبکہ انہوں نے پریکٹس سیشن میں بھی حصہ لیا تھا۔دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلا شاہد آفریدی کورونا وائرس میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے وہ آج کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔شاہد آفریدی کے حوالے سے ٹیم مینجمنٹ کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی 7 روز بعد کورونا ٹیسٹ منفی آجانے کے بعد دوبارہ ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔واضح رہے کہ گذشتہ روز سے پی ایس ایل 7 کا آغاز ہوگیا ہے جس کی افتتاحی تقریب بھی منعقد کی گئی تھی جس میں عاطف اسلم اور عائمہ بیگ نے اپنی آواز کا جادو بکھیر کر سماں باندھ دیا تھا۔افتتاحی تقریب کے بعد ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان ایونٹ کا پہلا میچ کھیلا گیا جس میں ملتان سلطانز سے 7 وکٹوں سے کراچی کنگز کو شکست دے دی تھی۔یاد رہے کہ پی ایس ایل 7 کے پہلے مرحلے کے میچز 7 فروری تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہی کھیلے جائیں گے جبکہ ایونٹ کے دوسرے مرحلے کا میلہ لاہور کے قذافی اسٹیڈٰیم میں سجے گا، جہاں 10 فروری سے 27 فروری تک میچز منعقد ہوں گے۔