قابض اسرائیلی فوج کیساتھ جھڑپیں، متعدد فلسطینی زخمی

مغربی کنارے کے شہروں نابلس اور قلقلیہ اور مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی قابض فوج کے ساتھ جھڑپوں کے دوران متعدد فلسطینی زخمی ہوئے۔نابلس شہر میں فلسطینی نوجوانوں اور قابض فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ اس دوران فوج نے آنسو گیس کے شیل فائر کئے، مشرق میں بیت دجن اور جنوب میں بیتا قصبے میں دم گھٹنے سے کئی فلسطینی زخمی ہوگئے۔ ہلال احمر سوسائٹی نے اطلاع دی ہے کہ بیتا قصبے میں ہونے والی جھڑپوں کے دوران 33 فلسطینی زخمی ہوئے۔ جبل صبیح کے علاقے میں 10 زخمیوں کو فوری طبی امداد دی گئی۔ 22 زخمیوں کو داخلی دروازے پر آنسوگیس کی شیلنگ سے زخمی کیا گیا جب کہ بیتا میں ربڑ کی دھاتی گولیوں سے متعدد فلسطینی زخمی ہوئے۔ہلال احمر کے مطابق بیت دجن میں 3 فلسطینی آنسوگیس کی شیلنگ سے متاثر ہوئے اور انہیں امدادی کارکنوں نے فوری طبی امداد فراہم کی۔متعلقہ سیاق و سباق میں قلقیلیہ کے مشرق میں کفر قدوم میں قابض فوج کے ساتھ جھڑپوں کے دوران 3 فلسطینی ربڑ کی گولیوں سے زخمی ہوئے۔بیت المقدس میں قابض فوج نے شمال میں الرام قصبے میں شہید یوسف کی نماز جنازہ کے بعد فلسطینیوں پر اسٹن گرینیڈ اور آنسو گیس کے گولے داغے۔فلسطینیوں کی بڑی تعداد نے شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔