فواد چوہدری کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور، ’پیر کو عدالت میں پیش کیا جائے

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پولیس کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار رہنما فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ مسترد کیے جانے کے پولیس کی درخواست منظور کر لی جس کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ نے فواد چوہدری کا دو دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔ سنیچر کو سیشن جج طاہر محمود نے فواد چوہدری کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجنے کا جوڈیشیل مجسٹریٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے فواد چوہدری کو دوبارہ جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ سیشن جج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ’پولیس کی جسمانی ریمانڈ دینے کی درخواست کو دوبارہ جوڈیشل مجسٹریٹ سننے اور فواد چوہدری کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا جائے۔‘ بعدازاں جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ نے فواد چوہدری کا دو دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں پیرکو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ پولیس نے سنیچر کو ہی فیصلے کے خلاف سیشن کورٹ میں اپیل دائر کرتے ہوئے استدعا کی تھی کہ فواد چوہدری سے تفتیش کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ درکار ہے، جوڈیشل مجسٹریٹ کا فیصلہ کالعدم قراردیا جائے اور فواد چوہدری کا مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ سیشن جج نے پولیس کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے پراسیکیوشن کی اپیل پر سماعت کی۔ عدالت نے سرکاری وکیل کے دلائل اور فواد چوہدری کے وکیل بابر اعوان کے جوابی دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ نے فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جیل بھیج دیا تھا