عمران نیازی ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، شازیہ مری

وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے کہا ہے کہ عمران احمد نیازی پاگل ہو چکے ہیں اور ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بے نظیر نشینوم سینٹر کے افتتاح کے موقع پر شازیہ مری نے پی ٹی آئی سربراہ کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری پر الزامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نیازی کے الزامات اور بیانات جواب دینے کے قابل بھی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے اپنے مخالفین کے خلاف کبھی ایک لفظ بھی نہیں بولا، عمران نیازی ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ شازیہ مری نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کسی صوبے کو نظر انداز نہیں کیا، وہ مثبت رویے کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں اور ہر صوبائی حکومت سے رابطہ کر رہے ہیں، سندھ حکومت ان کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ان کے ساتھ اس وقت بھی تعاون کیا جب وزیر اعظم شہباز شریف نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کے لیے 25ہزار روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔