وزیراعلٰی پنجاب نے لوڈشیڈنگ کے خلاف ہر شہر میں احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان کر دیا۔ وفاقی حکومت نے ظلم کی انتہاء کردی،عوام ذہنی مریض بنتے جا رہے ہیں۔ شہباز شریف

اوکاڑہ میں مسلم لیگ نون کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب کوبدترین لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے اور لوگ ذہنی مریض بنتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف صوبے کے ہرشہرمیں احتجاجی کیمپ لگائیں گے اور جب تک پنجاب سے امتیازی سلوک جاری رہے گا کیمپ نہیں اٹھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے ظلم وزیادتی کی انتہا کردی ہے پنجاب کے شہروں میں سولہ سولہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ سے صنعت وزراعت تباہ ہوگئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب سے ہونے والا سلوک کسی دوسرے صوبے کے ساتھ ہوتا وہ اس کے عوام کے ساتھ بھی کھڑے ہوتے۔ وزیراعلٰی زیادتی کے بعد قتل ہونے والی بارہ سالہ بچی کے گھربھی گئے اور اہلخانہ سے تعزیت کے بعد انھیں پانچ لاکھ روپے کا امدادی چیک دیا۔