فرانس میں مقیم پاکستانی جماعتوں اور کمیونٹی نمائیندوں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی سخت مذمت
پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) بھارت دنیا کی سب سے بڑیدہشت گرد ریاست ہے۔ جسکے وزیر اعظم کے ہاتھ گجرات کے ہزاروں مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اور اب دہشت گرد بھارتی وزیر اعظم کے حکم پر مقبوضہ کشمیر میں بے گناہوں کا خون بہایا جارہا ہے اور اقوام عالم خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار فرانس میں پاکستانی کمیونٹی کے نمائیندوں نے نوائے وقت سے کیا۔ مسلم لیگ ن فرانس کے چیف آرگنائزر میاں محمد حنیف ، جنرل سیکریٹری محمد یوسف خان ، تحریک انصاف فرانس کے کوآرڈینیٹر چوہدری گلزار لنگڑیال ، منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے صدر حاجی اعظم چوہدری ، پیپلز پارٹی یورپ کے کوآرڈینیٹر چوہدری کامران یوسف گھمن ، پاکستان عوامی تحریک فرانس و یورپ کے صدر حاجی محمد اسلم چوہدری ، مسلم لیگ ق فرانس کے صدر چوہدری منیر احمد وڑائچ ، اور فرانس پاکستان ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری چوہدری اشفاق سندھو کا کہنا تھا کہ حریت پسند کمانڈر برہان وانی کی بھارتی درندوں کے ہاتھوں شہادت کے مقبوضہ کشمیر میں احتجاجی مظاہرے کرنے والے نہتے اور مظلوم کشمیریوں ہر بھارتی افواج کے مظالم اور درندگی نے ہلاکو خان کی درندگی کی یاد تازہ کردی ہے۔ اسی کے قریب لوگوں کو شہید ، دو سو سے زائد کو بینائی سے محروم اور ہزاروں کشمیریوں کو زخمی کر دیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں ستو پی کر سو رہی ہیں۔ کشمیریوں کا خون پانی کی طرح بہہ رہا ہے اور ہندو بنیا پوری دنیا میں امن کا راگ الاپ رہا ہے۔ کمیونٹی نمائیندوں کا کہنا تھا کہ اقوام عالم کشمیریوں ہر ہونے والے مظالم کا نوٹس لیں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے ، تاکہ وہ ایک آزاد قوم کی طرح اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکیں۔ ۔ کشمیر کی آزادی تک ہر فورم پر کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھائی جائے گی ۔