ترکی میں قید امریکی پادری اینڈریو برونسن کی رہائی کا مطالبہ:ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدر نے اپنے ٹویٹر پیغام میں ترکی میں قید امریکی پادری اینڈریو برونسن کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر ترکی نے اینڈریو برونسن کو رہا نہ کیا تو اُسے امریکا کی جانب سے سخت اور بڑے پیمانے پر پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اینڈریو ایک نفیس انسان ہیں، جنہیں ترکی میں پریشانیوں کا سامنا ہے، امریکی نائب صدر مائیک پینس نے بھی پادری اینڈریو بروسن کی رہائی کے لیے ترکی کو وارننگ دی تھی کہ امریکی پادری کو رہا کیا جائے ورنہ اس کے خلاف پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔ دوسری جانب ترک وزیرخارجہ میولٹ کاووسوگلو نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ ہم کسی کی دھمکیوں کی پرواہ نہیں کرتے، قانون کی حکمرانی میں کسی کو رعایت حاصل نہیں ہے، دوہزارسولہ کی ناکام فوجی بغاوت میں معاونت کے جرم میں امریکی پادری پرگھر میں نظربندی کے احکامات ہیں۔