کراچی ایئرپورٹ، امیگریشن اہلکاروں کی ایک مسافر سے دھینگا مشتی
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے مطابق 25 جولائی کو پاکستان میں عام انتخابات شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل عمیر حمید نامی نوجوان غیرملکی ایئرلائن کی پرواز سے قطر سے کراچی پہنچا۔ حکام کے مطابق امیگریشن کاؤنٹر پر نوجوان مسافر نے امیگریشن حکام سے بدتمیزی شروع کر دی اور انہیں مبینہ طور برا بھلا کہا اور ہاتھاپائی شروع کی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس دوران امیگریشن حکام نے اسے اپنے مخصوص تربیتی انداز میں کنٹرول کرنے کی بجائے سرعام تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا ، اور اسے لاتوں اور گھونوسوں سے سرعام تشدد کا نشانہ بنایا، ایک باوردی امیگریشن افسر نے ویڈیو بنانے والے مسافر سے بھی بدسلوکی کی جو ویڈیو میں ریکارڈ ہوگئی۔ڈائریکٹر ایف آئی اے منیر شیخ کے مطابق اس واقعہ کی تحقیقات کیلئے ایڈیشنل ڈائریکٹر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی، جبکہ قانون ہاتھ میں لینے والے 5 امیگریشن افسران اور اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔