فضائی آلودگی کم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے:زرتاج گل
موسمیاتی تبدیلی کی وزیر مملکت زرتاج گل نے کہاہے کہ فضائی آلودگی کو کم کرنا حکومت کے قومی ترقی کے جامع منصوبوں کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے آج ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ حکومت کے ماحول دوست اقدامات کو کامیاب بنانے کے لئے مل کر کام کریں۔ زرتاج گل نے کہاکہ پاکستان ہمارا ملک اور گھر ہے اس لئے ہمیں اسے صاف ستھرا اورسرسبز بنانا چاہیے جس کے ہمارے ماحول اور صحت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وزارت طلبا، ذرائع ابلاغ اور سول سوسائٹی کی شمولیت سے پلاسٹک کے تھیلوں کے نقصانات کےبارے میں آگاہی مہم کاآغاز کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاروباری برادری کے تعاون سے اسلام آباد میں پلاسٹک کے تھیلوں کے استعمال پر پابندی پر عملدرآمد کیا جائے گا۔