سندھ حکومت کیخلاف احتجاج:پی ٹی آئی ایم این اےاور فکس اٹ کے بانی عالمگیر خان درجنوں ساتھیوں سمیت گرفتار
فکس اٹ اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا جس کے بعد پولیس نے تحریک انصاف کے ایم این اے اور فکس اٹ کے بانی عالمگیر خان کو متعدد افراد سمیت حراست میں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن میں وزیر بلدیات سندھ کے دفتر کے سامنے احتجاج کے دوران فکس اٹ اور پیپلزپارٹی کے کارکنان کے درمیان جھگڑا ہوا، تحریک انصاف کے ایم این اے اور فکس اٹ کے بانی عالمگیر خان کلفٹن تین تلوار پر پریس کانفرنس پہنچے تو ان کو متعدد کارکنان سمیت گرفتار کرلیا، تصادم کے نتیجے میں 2 پولیس افسران بھی زخمی ہوئے۔
تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ارسلان گھمن کا کہنا ہے کہ آج کے واقعے کے ذمہ دار وزیر بلدیات سعید غنی ہیں، آج عوامی مسائل کے حل کے لیے احتجاج کیا جارہا تھا، پولیس نے عالمگیر خان کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔ایس پی کلفٹن کا کہنا ہے کہ پولیس پہلے سے موجود تھی، فکس اٹ کے کارکنوں کو کشیدگی سے منع کیا تھا، دونوں اطراف کے کچھ کارکنان کو حراست میں لیا ہے۔ایس پی کلفٹن کے مطابق پولیس نہ ہوتی تو زیادہ تصادم ہوسکتا تھا، دونوں جماعتوں کو مظاہرہ ختم کرنے کہا، پیپلزپارٹی کے کارکنان وزیر بلدیات سندھ کے دفتر کے باہر سے منتشر کردیا گیا۔