بادل پھٹنے کے باعث جڑواں شہروں میں تباہی
ملک بھر میں مون سون کی برشوں کا آغاز ہوچکا ہے ، اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے باعث وفاقی دارالحکومت کے کئی علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے ، مکانات میں پانی داخل ہوگیااور سیکٹر ای الیون اور ڈی 12 میں سیلابی ریلے میں متعدد گاڑیاں بہہ گئیں۔ ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد حمزہ شفقات کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسلام آباد میں بادل پھٹنے کے باعث مختلف علاقوں میں سیلاب آگیا ہے۔ ٹیمیں نالوں / سڑکوں کو صاف کررہی ہیں. اسلام آباد میں ہم نے 100فیصد علاقوں کو کلیر کر لیا ہے،پورے اسلام آباد کے اندر کوئی بھی فیملی خطرے میں نہیں ، سب کو ریسکیو کر لیا ہے،ہماری مشینری پھنسی ہوئی گاڑی کو نکال رہی ہے،حمزہ شفقات نے کہاکہ یہ بارش آتی رہیں گی، ہمارے راول ڈیم کے اندر بھی کافی پانی ہے،راول ڈیم کے سپل ویو بھی ہم کھولنے جا رہے ہیں . دوسری جانب بارش کے بعد راولپنڈی شہرکے کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے، کئی نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔نالہ لئی میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، خطرے کے یشِ نظر سائرن بجائے جانے لگے، طغیانی کے خطرے کے باعث پاک فوج کے دستے طلب کرلیے گئے ہیں ۔