حکومت وقت پورا کرے گی، الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے، عمران خان کے گریبان پر ہاتھ پڑے گا; فضل الرحمان
اسلام آباد: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے مطالبہ کیا ہےکہ فل کورٹ کے ذریعے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے صدارتی ریفرنس دائرکیا جائے۔اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوا ، اجلاس میں مریم نواز ، شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب شریک ہوئے، اجلاس میں آفتاب شیرپاؤ ، پروفیسر ساجد میر ، شاہ اویس نورانی نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، محمود خان اچکزئی اور قائد ن لیگ نواز شریف بھی ویڈیو لنک پر اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے بتایاکہ اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال پر سنجیدگی کے ساتھ غور کیا گیا، اجلاس چند دن مزید جاری رہےگا جس میں حکمران اتحاد میں شامل تمام جماعتیں شریک ہوں گی، اس کے بعد مشترکہ اور متفقہ رائے سامنے لائیں گے۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہےکہ حکومت وقت پورا کرے گی، الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے، ملک کی ساکھ بچانا ہمارے لیے چیلنج ہے، معیشت کی بہتری کے لیے سال کم ہے، آئندہ پانچ سالوں میں عمران کا گند صاف کریں گے، عمران جھوٹ بول کر نوجوانوں کو گمراہ کر رہا ہے۔ انہوں نےکہا کہ اجلاس میں قرارداد منظورکی گئی جس میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ فل کورٹ کے ذریعے آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے ریفرنس سپریم کورٹ بھجوائے، آئین میں ہر ادارے کا دائرہ کار متعین ہے،سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے سے سیاسی بحران اور افراتفری پھیلی، یہی بحران ملک میں معاشی بحران کا سبب بن رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسی عدالت کے دو ججز نے فیصلےکو آئین میں اضافہ قرار دیا ہے، پاکستان بھر کے وکلاء اور بار کونسل میڈیا اور سول سوسائٹی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو درست تسلیم نہیں کیا،اس معاملے پر صدارتی ریفرنس سپریم کورٹ کو بھجوا کر فل کورٹ سے تشریح لی جائے۔