اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دے دیا،
جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے گزشتہ ماہ 3 مئی کو دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو آج سنایا گیا۔ سپریم کورٹ نے دانیال عزیز کو عدالت برخاست ہونے تک کی سزا سنائی۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو بھی توہین عدالت کیس میں بھی یہی سزا سنائی تھی۔ آج سماعت کے آغاز پر دانیال عزیز عدالت میں موجود نہیں تھے، جس پر سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ ملزم کے آنے پر فیصلہ سنایا جائے گا۔ بعدازاں دانیال عزیز بھی کمرہ عدالت میں پہنچ گئے۔ اس موقع پر سپریم کورٹ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور بکتربند گاڑی بھی سپریم کورٹ کی پارکنگ میں موجود ہے۔